راولپنڈی میں 200 ملی میٹر کی طوفانی بارش، نالہ لئی پر خطرے کے سائرن بج گئے

راولپنڈی میں طوفانی بارش کے نتیجے میں نالہ لئی کے مقام پر خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔

ویب ڈیسک :99نیوز ایچ ڈی :
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں 200 ملی میٹر کے قریب بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے نالہ لئی سے ملحقہ آبادی کو احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے اور پاک فوج کے دستے نالہ لئی پہنچ گئے ہیں۔کمشنر راولپنڈی کے مطابق رین ایمرجنسی کے پیش نظر پاک فوج کے دستوں کو نالہ لئی پر تعینات کردیا گیا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج ضلعی انتظامیہ کےہمراہ موجود رہے گی۔کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر کٹاریاں اور گوالمنڈی سے شہریوں کا انخلا شروع کردیا گیا اور اسلام آباد راولپنڈی میں ریسکیو 1122 کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ترجمان ریسکیو کے مطابق ریسکیو اہلکار نالہ لئی کے اطراف تعینات کردیےگئے ہیں، ریسکیو کی ٹیمیں کٹاریاں، گوالمنڈی، سواں پل اوردیگر نشیبی علاقوں میں تعینات کردی گئی ہیں۔ریسکیو ترجمان کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر فوری اطلاع دیں۔