انگلینڈ : مرحومہ ماں کی آواز نکال کر بیٹے نے باپ کو کروڑوں کا چونا لگا دیا

انگلینڈ میں ایک شخص نے اپنی ماں کے انتقال کے بعد ان کی آواز نکال کر والد کی کروڑوں کی جمع پونجی ہتھیالی۔

ویب ڈیسک :99نیوز ایچ ڈی :
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نارتھمٹن شائر میں 42 سالہ ڈینیئل کتھبرٹ نامی شخص نے والدہ کے انتقال اور والد کے گہرے صدمے میں ہونے کا فائدہ اٹھایا اور بینک کالز میں والدہ کی آواز نکال کر والد کے اکاؤنٹ سے کروڑوں کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کروالی۔ڈینیئل نے2017 سے 2018 (14 ماہ کے عرصے کے دوران ) اپنے والد کی تمام تر بچت ان کے اکاؤنٹ سے ختم کر ڈالی، ڈینیئل کے والد کو 2017 میں ہی اپنے اکاؤنٹ سے رقم نکالے جانے کے حوالے سے شک ہونے لگا تھا لیکن بیوی کی جدائی کا غم اور پھر بیٹے سے جھگڑے کا خوف ان کی خاموشی کا سبب بنا رہا ۔
2018 میں ڈینیئل کے والد کی بلڈنگ سوسائٹی کے ایک عہدیدار نے انہیں حالات کی سنگینی کا احساس دلایا اور بتایا کہ وہ اپنے قرضوں کی وجہ سے اپنا گھر بھی جلد کھودیں گے جس کے بعد ڈینیئل کے والد نے تحقیقات کا سلسلہ شروع کروا دیا۔تحقیقات شروع ہونے کے بعد نارتھمٹن شائر پولیس نے ڈینیئل کتھبرٹ کو گرفتار کرلیا۔رپورٹ کے مطابق سارجنٹ مائیک راجرز نے ساؤتھ میڈیا کو بتایا کہ ڈینیئل نے اپنے والد کو دھوکہ دیتے ہوئے ان کے اکاؤنٹ سے 73 ہزار 384 ڈالر نکلوالیے۔ڈینیئل کتھبرٹ نے والد کی آواز میں بینک کو کئی مرتبہ کالز کیں، ڈینیئل نے 9 مرتبہ والدہ کی آواز نکال کر اپنے والد کے اکاؤنٹ سے پیسے اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کروائے۔والد کو دھوکا دینے کے اعتراف کے بعد عدالت نے ڈینیئل کو 2 سال قید کی سزا سنائی ہے۔