چین : کے جی اسکول پر حملہ ، 3 بچوں سمیت 6 افراد جانبحق

چین میں ایک کے جی اسکول پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں 3 معصوم بچوں سمیت 6 افراد جانبحق ہوگئے۔

ویب ڈیسک :99نیوز ایچ ڈی :
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ چین کے جنوب مشرقی صوبے گوانگ ڈونگ میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے کنڈر گارٹن ( کے جی ) اسکول میں گھس کر چاقو سے وار کیے جس کے نتیجے میں 6 افراد جانبحق ہوگئے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔پولیس کےمطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک ٹیچر اور دو والدین بھی شامل ہیں جب کہ ایک شخص زخمی ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ واقعے کے بعد ایک 25 سالہ مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جس کی شناخت وو ان کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ مقامی وقت کے مطابق پیر کی صبح 7 بج کر 40 منٹ پر پیش آیا، واقعے کے تھوڑی ہی دیر بعد ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کیس ایک غیر ارادی طور پر حملے کا ہے ، واقعے کے بعد اطراف کے علاقوں کو مکمل سیل کردیا گیا ہے۔
گزشتہ برس اگست میں بھی چین کے جنوب مشرقی صوبے جیانگ ژی میں ایک اسکول میں حملہ کیا گیا تھا جس میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جب کہ اپریل 2021 میں چاقو سے حملوں میں 2 بچے جانبحق ہوئے۔اس کے علاوہ اکتوبر 2018 میں بھی ایک اسکول میں حملہ کیا گیا تھا جس میں 14 بچے زخمی ہوگئے تھے۔