کراچی کے بعد اسلام آباد ایف 9 پارک میں خاتون کے سامنے ایک شخص کی نازیبا حرکات ، ملزم کیخلاف مقدمہ درج

اسلام آبادکے ایف 9 پارک میں خاتون کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

ویب ڈیسک :99نیوز ایچ ڈی :
سوشل میڈیا پر ایف 9 پارک سے منسوب ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم خاتون کے سامنے نازیبا حرکات کر رہا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم پر خاتون کے سامنے نازیبا حرکات پر مقدمہ درج کرلیا گیا اور مقدمہ اسلام آباد پولیس نے سرکار کی مدعیت میں درج کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ چہل قدمی کے دوران ملزم نے خاتون کا پیچھا کیا، ملزم نے خاتون کو نازیبا الفاظ کہے اور چھونے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق خاتون سے رابطے میں ہیں اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے تمام تر ذرائع استعمال کررہے ہیں۔پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے عوام سے مدد کی اپیل کی اور کہا کہ عوام سے گزارش ہے کسی کو ملزم کے بارے معلومات ہوں تو فوری پولیس کو بتائے۔پولیس کے مطابق اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا اور اسے نقد انعام سے نوازا جائے گا۔
گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گلی سے گزرتی لڑکی پر نوجوان کے جنسی حملے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی تھی۔ پولیس نے لڑکی کو ہراساں کرنےکا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا ہے۔