آئی ایم ایف وفد کی عمران خان سے ملاقات ، شوکت ترین کی آن لائن بریفنگ

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے زمان پارک لاہور میں ملاقات کی ہے۔
ویب ڈیسک :99نیوز ایچ ڈی :
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کے وفد اور چیئرمین پی ٹی آئی کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی بھی شریک تھے جبکہ سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے ویڈیو لنک پر آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد آئی ایم ایف کا وفد زمان پارک سے روانہ ہوگیا۔آئی ایم ایف وفد آج ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔آئی ایم ایف وفد کی جانب سے پاکستان میں سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، ملاقاتوں کا مقصد انتخابات سے پہلے آئی ایم ایف کے نئے سپورٹ پروگرام کیلئے سیاسی جماعتوں کی حمایت کی یقین دہانی حاصل کرنا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 3 ارب ڈالر کا یہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہے۔
اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا اور ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے وسط میں ہوگا۔آئی ایم ایف سے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت 2.6 ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے، پاکستان کو یہ رقم قسطوں میں موصول ہوسکتی ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اصولی طور پر معاملات طے پاگئے ہیں۔