توشہ خانہ کیس : چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سماعت آج مقرر

اسلام آباد کی سیشن عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو نوٹس جاری کردیا، ان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت آج ہو گی۔
ویب ڈیسک :99نیوز ایچ ڈی :
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا خواجہ حارث، گوہرعلی خان اور فیصل فرید کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔سیشن عدالت نے ضلعی الیکشن کمشنر آفس اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے ساڑھے 8 بجے طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست مسترد کرنےکا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیشن عدالت کو 7 روز میں چیئرمین پی ٹی آئی کے تحفظات سن کر کیس قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں عمران خان کی درخواست مسترد کردی گئی تھی، درخواست میں کہا گیا تھا کہ سیشن کورٹ توشہ خانہ کیس میں جو فوجداری کارروائی کا کیس چلا رہی ہے وہ کیس قابل سماعت ہی نہیں ہے، تکنیکی بنیادوں پر یہ اعتراضات اٹھائے گئے تھے کہ الیکشن کمیشن نے یہ شکایت درج کرائی جب کہ وہ مجاز اتھارٹی نہیں، اگر مجاز اتھارٹی شکایت درج کرائے تو ہی سیشن کورٹ کو ٹرائل کا اختیار ہے۔